سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر التواء مقدمات کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ زیر التواء مقدمات 59 ہزار سے تجاوز کر گئے۔
سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق 15 جولائی تک سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 59064 تھی۔
رپورٹ کے مطابق یکم سے 15 جولائی تک 1206 مقدمات دائر ہوئے، 481 کیس نمٹائے گئے، 15 روز کے دوران انسانی حقوق کے کسی کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف 32 ہزار سے زائد اپیلیں قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی منتظر ہیں۔
اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ زیر التواء فوجداری اپیلوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جن کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جیلوں میں موجود افراد کی اپیلوں کی تعداد 3295 تک پہنچ گئی۔