• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی : فوٹو فائل
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی : فوٹو فائل

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی سنگین قرار دے دی۔

مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے  امن عامہ پر اسمبلی اجلاس اور بنوں واقعہ پر کابینہ اجلاس نہیں بلایا جا سکا، ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی اب تک ممکن نہیں ہو سکا۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے ممبران اسمبلی کو صوبے کی مخدوش صورت حال پر آگاہی دینے میں ناکام ہے۔ صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بنوں واقعے کے بعد بھی نہیں بلایا جا سکا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے چن چن کر بدلے لے رہے ہیں، اسد قیصر کو روزانہ چکر لگوانا بھی مولانا کی جیت ہے، جے یو آئی کی زیادہ تر نشستیں کے پی میں ہیں، ان کا مینڈیٹ پی ٹی آئی نے چوری کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں قیدیوں کےلیے جن مراعات کی بات کی انہیں وہی ملنی چاہیئں۔ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مذاکرات پر بیرسٹر گوہر ابتدا ہی میں منحرف ہوگئے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے مجھے دیے گئے ہتک عزت کے نوٹسز کی کوئی حیثیت نہیں، جس کی اپنی عزت نہیں ہے وہ ہتک عزت کا دعویٰ کیا کرے گا؟ وزیر اعلیٰ کے متعلق تو ابھی کتاب کا صرف ایک ہی چیپٹر کھولا ہے، چیلنج کرتا ہوں وزیر اعلیٰ اپنی پارٹی کی صوبے میں 10 سال کی کارکردگی پر مناظرہ کریں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، گورنر راج کا نفاذ کرکے سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید