پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی سے متعلق منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق منظوری لینے تھی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی بھی منظوری لینے تھی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا تھا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے گا، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔