وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں، مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چکن کی قیمت میں مصنوعی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا۔
چکن اور پولٹری مصنوعات کے نرخ میں مسلسل اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے چکن کی پرائس کا تعین کرنے کے لیے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے سوال کیا کہ چکن کے ریٹ بڑھ گئے، ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟ چکن پنجاب بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے، ریٹ بڑھنا گوارا نہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پولٹری والے بزنس کریں جائز منافع کمائیں، عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں، عوام کا احساس ہے، مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
مریم نواز کا ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہییں، نرخ پر نظر رکھی جائے۔