اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے لاپتہ بھائی محمد غلام شبیر کی بازیابی کی درخواست پر وزیراعظم کو بذریعہ سیکریٹری کابینہ نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی پولیس اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی تک جواب طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے لاپتہ غلام شبیر کے بیٹے بلال عبداللّٰہ کی جانب سے اپنے والد کی بازیابی کےلیے دائر درخواست پر آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے غلام شبیر کی بازیابی درخواست پر اعتراض دور کرکے نمبر لگانے کی ہدایت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے شق وار جواب طلب کرلیا کہ لاپتہ غلام شبیر کہاں ہے؟
عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ لاپتہ غلام شبیر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ وقوعہ فیصل آباد کا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ غلام شبیر کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر لاہور کے تھانہ کاہنہ میں 15 جون کو درج کروائی گئی، لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی تاہم لاپتہ شخص کے بھائی شہباز گل کو اطلاع ملی کہ غلام شبیر کو اسلام آباد میں رکھا گیا ہے جس پر لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن واپس لے لی گئی اور اب اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔
کیس کی مزید سماعت 25 جولائی کو ہوگی۔