اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری کر کے کل تک جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی اور سوال کیا کہ پہلے بھی اسی طرح کی درخواست زیرِ سماعت تھی اس کا کیا بنا؟ آج کیا کرنا چاہ رہے ہیں؟
ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے جواب دیا کہ چیف جسٹس عامر فاروق نے ہماری وہ درخواست منظور کی ہے، آج پریس کلب کے باہر پُرامن مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹے کا ہوگا۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی تھی مگر درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ آپ کل احتجاج کرنا چاہتے ہیں لیکن عدالت تو کل تک کیلئے نوٹس کرسکتی ہے۔
بعدازاں عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔