• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا جمعہ کو اسلام آباد میں کیا جانے والا احتجاج موخر ،پارلیمنٹ کے باہر علامتی بھوک ہڑتال بھی ملتوی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) تحریک انصاف نے جمعہ کو اسلام آباد میں کیا جانے والا احتجاج پیر تک موخر اورپارلیمنٹ کے باہر جاری علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی ملتوی کردیا۔ادھر پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست پراسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے پیر29 جولائی کو ایف نائن پارک یا کسی مناسب جگہ احتجاج کی درخواست پر انتظامیہ فیصلہ کرے ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پی ٹی آئی کی 29 جولائی احتجاج کی درخواست پر وجوہات کے ساتھ فیصلہ کریں‘اسٹیٹ کونسل احتجاج کی اجازت نہ دینے کی وجوہات سے متعلق مطمئن نہیں کر سکے ،درخواست گزار نے کہا کہ 29جولائی ایف نائن پارک میں احتجاج کی اجازت دے دی جائے، درخواست گزار نے انڈر ٹیکنگ دی کہ احتجاج پرامن ہو گا کوئی لا اینڈ آرڈر کی صورت حال نہیں بنے گی‘ایڈوکیٹ جنرل نے کہا 29جولائی احتجاج کی اجازت تب ہی ہو سکتی ہے اگر باقی سیاسی جماعتوں کی طرف سے لا اینڈ آرڈر صورتحال پیدا نہ ہو ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر عامر مغل نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ جمعہ کو دوپہر تین بجے احتجاج کی کال دے رکھی تھی ، اجازت کیلئے قانونی راستہ اپنایا اور ڈی سی کو 23جولائی کو درخواست دی۔ ڈی سی کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ ابھی تک عدالت نے احتجاج کے حوالے سے تحریری اجازت نہیں دی تاہم معزز عدالت نے دوران سماعت پیر 29جولائی کو اجازت دینے کا عندیہ ظاہر کیا تھا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر عدالتی حکم کے احترام میں احتجاج کو پیر تک موخر کر دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید