• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس، پاکستانی شوٹرز کی مایوس کن کارکردگی، فائنل راؤنڈ میں نہ پہنچ سکے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت انفرادی ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئے۔دس میٹر ایئر پسٹل کے پہلے راؤنڈ میں گلفام کی 33 میں سے 22ویں پوزیشن رہی جبکہ کشمالہ طلعت کا 44 میں سے 31واں نمبر رہا۔فائنل راؤنڈ میں جانے کے لیے دونوں شوٹرز کو ٹاپ 8 میں جگہ بنانی تھی۔پہلے روز پاکستان کے دو ایتھلیٹس ایکشن میں تھے تاہم دونوں ہی اچھا آغاز نہ کرسکے۔ مردوں کی 10 میٹر ائیر پسٹل شوٹنگ میں گلفام جوزف اپنے ماضی کا ریکارڈ نہ برقرار رکھ سکے اور 33 میں سے 22 ویں نمبر پر رہے۔ دوسری سیریز میں گلفام نے 9 ٹارگٹ مس کیے اور صرف 91 پوائنٹس حاصل کرسکے جس کی وجہ سے ان کی پوزیشن کافی متاثر ہوئی۔ ان کا مجموعی اسکور 571 رہا۔ خواتین کی 10 میٹر ائیر پسٹل میں کشمالہ طلعت بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔ پاکستان کی شوٹر نے 6 سیریز میں مجموعی طور پر 567 پوائنٹس حاصل کیے۔ کشمالہ نے پہلی سیریز میں 93، دوسری میں 97، تیسری میں 94 پوائنٹس حاصل کیے۔آخری تین سیریز میں پاکستانی شوٹر 93، 95 اور 95 پوائنٹس حاصل کیے اور مجموعی طور پر وہ 31 ویں نمبر پر رہیں۔کشمالہ اور گلفام جوزف 29 جولائی کو مکسڈ ٹیم کے ایونٹ میں بھی شریک ہوں گے، کشمالہ طلعت خواتین کی 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں بھی شریک ہوں گی۔

اسپورٹس سے مزید