• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا ہدایت الرحمٰن کا بلوچستان حکومت سے علیحدگی کا اعلان

کوئٹہ(صباح نیوز) حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ، بلوچستان اسمبلی کے رکن اور جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان نے پیپلزپارٹی کی سربراہی میں قائم صوبائی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے صوبائی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا کہ کل سے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھوں گا اور انہیں بتاوں گا کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ میں نے وزیراعلی کو ووٹ دیا پھر بھی مجھے اسمبلی میں آواز اٹھانے پر غنڈوں کے ذریعے بوتلیں مروائی گئیں، اب میں ان کو بتائوں گا اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے تحریکیں ختم نہیں ہوتیں بلکہ عوام میں نفرت پروان چڑھتی ہے، حکومت لاپتا افراد کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ طاقت کے ذریعے کسی تحریک کو ناکام نہیں بنایا جاسکتا، پاکستان کے آئین کے مطابق ہر سیاسی جماعت اور ہر شہری کے پاس احتجاج کا حق ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی احتجاجی ریلی میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ کسی کو احتجاج سے روکے۔ 

مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومت نے خود پورے صوبے کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے، گوادر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ گوادر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بحال کی جائیں، جبکہ لاپتا افراد کا بازیاب کرکے منظر عام پر لایا جائے۔

اہم خبریں سے مزید