• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل، PTI کا 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے 5اگست کو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا اور کہا کہ نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنمائوں عمرایوب خان اور اسد قیصر سمیت دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو اٹھا یا جا رہا ہے،ڈی چوک میں دھرنے کے آپشن پر غور کرینگے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف اور مریم نواز تحریک انصاف اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتے ہیں،یہ ملک کیلئے نقصان دہ ہو گا، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے، ہمارے پارلیمنٹیرینز کے ساتھ برا رویہ رکھا جا رہا ہے، ہمارے لوگوں کو اٹھا یا جا رہا ہے ، ایم این اے حاجی امتیاز کو دو دن قبل اٹھایا لیا گیااور انہیں سرگودھا میں اینٹی سمگلنگ کے تہہ خانے میں رکھا ہوا ہے یہ صرف اس لئے کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں حلف نامے جمع کرائے ہیں،شیخ وقاص اکرم کی والدہ کیخلاف مقدمات بنائے گئے ہیں۔ عمر ایوب نے پریس کانفرنس کے دوران ڈی چوک پر دھرنا دینے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹیرینز کے ساتھ مشاورت سے لائحہ عمل طے کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں خود بھوک ہڑتال کروں گا ، ہم نے بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ جوڑے کہ آپ نہ کریں ہم بھوک ہڑتال کرینگے۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو خصوصی ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، ایم این ایز کیخلاف کارروائیوں پر سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے، ہمارے ایم این ایز پر دبایو ڈالنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے،کیا ملک اس طرح چلے گا؟ ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو دو معاملات پر پورے ملک میں جلسے ، مظاہرے کرینگے، پانچ اگست کو بانی پی ٹی آئی کو غیرقانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا،بانی پی ٹی آئی کی رہائی ، دوسرا مہنگائی کیخلاف بھرپور مظاہرے ہونگے،جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، تمام جماعتوں کو اس حکومت کوختم کرنے کیلئے ایک میز پر بیٹھنا ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈی چوک میں دھرنے کے آپشن پر غور کرینگے۔ شہباز شریف اور مریم نواز کا فاشسٹ رویہ ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں انارکی نہ پھیلے، اگر حکومت انارکی پھیلانا چاہتی ہے تو پھر ٹھیک ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کیا احتجاج کرنا ہمارا حق نہیں ؟ افسر یاد رکھیں اس حکومت نے ہمیشہ نہیں رہنا۔ ایم این ایز کیخلاف کارروائیوں کو فوری روکا جائے اگرنہ روکا گیا تو انارکی سے بچ نہیں سکیں گے،موجودہ حکومت نے معیشت تباہ کردی ،دفعہ 144 کی ایف آئی آر سے تحریک انصاف کے ورکرز کو نہیں ڈرایا جا سکتا۔
اہم خبریں سے مزید