وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو کا کہنا ہے کہ گوادر میں تمام مظاہرین منتشر ہوگئے، حالات معمول پر آگئے، کچھ شرپسند عناصر گوادر کے حالات خراب کرنا چاہتے تھے۔
وزیر داخلہ بلوچستان کی زیر صدارت گوادر میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں گوادر کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ قانون ہاتھ میں لے کر امن و امان سبو تاژ کرنے والے عناصر کیخلاف کارروائی کی گئی، جس میں 20 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ضیاء اللّٰہ لانگو کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے مطابق بات چیت کےلیے تیار ہیں، بلوچستان کی قبائلی روایات کے مطابق خواتین کو قدر، عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، خواتین سے اپیل اور امید ہے کہ احتجاج کے دوران عزت و احترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔