بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ایکشن ہیرو سنجے دت کی آج 65ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔
بہت کم لوگوں کو یہ بات معلوم ہوگی کہ کسی زمانے میں وہ ماضی کی حسین ہیروئن اور مرحوم دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو سے شادی کرنا چاہتے تھے اور کم عمری میں وہ اپنی والدہ سے سائرہ بانو سے شادی کرنے کا کہا کرتے تھے۔
یہ انکشاف سائرہ بانو نے خود اس وقت کیا جب انھوں نے سنجے دت کو سالگرہ پر مبارکباد پر مبنی پیغام پوسٹ کیا۔
انھوں نے اس موقع پر برتھ ڈے بوائے کی اپنے مرحوم شوہر دلیپ کمار کے ساتھ بنی ایک تصویر شیئر کی۔
اپنے تفصیلی کیپشن میں سائرہ بانو نے لکھا کہ سنجے دت ہمیشہ انکے خاندان کے ساتھ رہے۔ میرا پورا خاندان اماں جی سے آپا جی ان سے لیکر صاحب (دلیپ کمار) اور میں، ہم سب نے انھیں ایک چھوٹے سے بچے سے لیکر بڑے ہونے اور پھر آج تک ایک شاندار شخص کے طور پر دیکھا۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب نرگس آپا (سنجے دت کی مرحومہ والدہ) ایک فنکشن میں ہمارے گھر آئیں تو انکے ساتھ یہ کیوٹ سے چھوٹے بچے تھے۔
سائرہ بانو نے مزید کہا کہ نرگس نے سنجے کے ہاتھ ہلاتے ہوئے کہا چلو سائرہ جی کو بولو کہ تم کیا بولتے ہو مجھے، تو اس پر سنجو نے مجھے دیکھتے ہوئے نہایت ہی پیار اور دھیمی آواز میں کہا میں شائلہ بانو (سائرہ بانو) سے شادی کروں گا۔
سائرہ بانو نے سنجے دت کےلیے انکی سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انھیں دعائیں دیں، جبکہ انھوں نے مسکراتے چہرے اور ریڈ ہارٹ ایموجی شیئر کی۔