اداکاری کے مغل اعظم دلیپ کمار کی تیسری برسی ان کی اہلیہ و اداکارہ سائرہ بانو نے دلیپ کمار (یوسف خان) کے نام ماضی میں لکھا محبت سے بھرا خط سوشل میڈیا کی زینت بنا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ماضی کی اداکارہ نے دلیپ کمار کے چاہنے والوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی برسی پر پیغامات بھیجے۔
انہوں نے مرحوم اداکار کے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ماضی میں ان کی جانب سے دلیپ کمار کے نام لکھا گیا ایک محبت کے جذبات سے بھرپور خط بھی شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آخر وقت تک ساتھ چلنے کا عہد کیا ہے۔
خط میں صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ میرا ہر دن ہماری محبت اور ساتھ کی خوبصورت و لازوال یاد ہے، میں اکثر اپنی محبت و زندگی کے بارے میں سوچتی ہوں جو ہم ایک ساتھ گزار رہے ہیں، یہ ہمیں مکمل کرتی ہے اور ہمت دیتی ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں یوسف خان المعرف دلیپ کمار کا ساتھ پانے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا اور دعا بھی کی کہ اگلے جہاں میں بھی ان دونوں کو ایسے ہی ساتھ رکھے۔
دوسری جانب انہوں نے طویل کیپشن میں دلیپ کمار کی تیسری برس پر مرحوم اداکار کو یاد کرنے والے ان کے فینز کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کچھ ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے دلیپ کمار کو اداکاری کے میدان میں آئندہ نسلوں کے لیے مثال قرار دے دیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرحوم اداکار کھلاڑی بننا چاہتے تھے لیکن قسمت نے انہیں اداکار بنا دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرحوم اداکار کو موسیقی سے کتنا لگاؤ تھا اور یہ بھیہ کہ وہ انہیں محبت سے ’آنٹی‘ کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔
یاد رہے کہ دلیپ کمار تقسیم ہند سے قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہوئے، ان کا اصل نام یوسف خان تھا اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
شہنشاہ جذبات 11 اکتوبر 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔بعدازاں 98 سالہ دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو سانس میں تکلیف کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔