کنری (نا مہ نگار) میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے سابق کنٹرولر کے خلاف کرپشن کی انکوائری مکمل کر لی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سابق کنٹرولر کوکرپشن میں ملوث قرار دیدیا گیا۔انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ سمیت متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی۔ عوامی وسماجی حلقوں کی جانب سے کارروائی کا خیرمقدم۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر تعلیمی بورڈ میرپورخاص میں کرپشن کی شکایات کے حوالے سے سندھ کے مختلف بورڈز کے چیئرمینوں جس میں چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ کراچی فصیح خان، چیئرمین سکھر بورڈ سید مجتبیٰ شاہ،چیئرمین لاڑکانہ بورڈ محمد داؤد میمن اور ڈائریکٹر اسکولز ریجن میرپورخاص محمد نیاز لغاری شامل تھے پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں سابقہ کنٹرولر عبدالحفیظ کو کرپشن میں ملوث قرار دیدیا ہے جبکہ کمشنر میرپورخاص نے انکوائری کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کی روشنی میں عبدالحفیظ سے کنٹرولر کاچارج واپس لینے کے ساتھ ساتھ انکو اپنی اصل پوسٹ سیکرسی آفیسر ایکس کیڈر پر واپس بھیجنے کی سفارش کرتے ہوئے رپورٹ وزیراعلیٰ سمیت متعلقہ حکام کو ارسال کر دی ہے کیوں کہ اس سے نہ صرف جنرل کیڈر کے ملازمین کی حق تلفی بلکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی خلاف ورزی بھی ہورہی تھی جبکہ رپورٹ میں کرپشن کے خلاف عملی اقدامات اُٹھانے پر چیئرمین بورڈ میرپورخاص پروفیسر برکت علی حیدری اور قائم مقام کنٹرولر انور علیم خانزادہ کی کاوشوں کو بھی سراہاگیاہے۔