وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا فیصلہ وزیراعظم یا صدر پاکستان کا ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی چیمبر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل زیر سماعت ہے، حکومت نے رہائی کا فیصلہ نہیں کرنا، یہ عدالت کا دائرہ اختیار ہے ،جب احتجاج کی بنیاد ہی غیر ائینی ہو تو پھر اپوزیشن کو اپنے مطالبے کو از سر نو دیکھنا ہو گا۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی چیمبر میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان پارلیمانی امور پر مشاورت میں دونوں پارٹی کے رہنما شریک ہوئے۔
ن لیگ کے طارق فضل چوہدری بلال اظہر کیانی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ پیپلز پارٹی ارکان شیری رحمان اور نوید قمر اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں کے سیکریٹریز کو بھی اسپیکر چیمبر میں بلایا گیا۔ آئی ایم ایف سے متعلق فنانس کے معاملات پر قانون سازی سے متعلق امور پر مشاورت کے ساتھ قومی اسمبلی اجلاس بلانے اور ایوان کی کارروائی سے متعلق بھی بات کی گئی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں موجودہ حالات کے تناظر میں قانون سازی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔ پیپلز پارٹی نے دہشتگردی کے حوالے سے ہمیشہ بھرپور جنگ لڑی ہے۔ وفاقی حکومت کے پی میں ایمرجنسی نفاذ سے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔