عالمی شہرت یافتہ کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے ایک اور نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کورین گلوکار جی مِن، جن، جنگ کوک، جے ہوپ، آر ایم، شوگا اور وی پر مشتمل 2013ء میں بننے والے اس سات رکنی آل بوائے بینڈ نے میوزک انڈسٹری کے منظر نامے کو ایک نئی شکل دیتے ہوئے اب تک میوزِک کے کئی ریکارڈز توڑے ہیں۔
حال ہی میں اس بینڈ نے مشہور اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائے پر 40 بلین اسٹریمز کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔
’بی ٹی ایس‘ یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے والا نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا کا پہلا میوزِک بینڈ ہے اور یہ سنگ میل ان کے عالمی اثر و رسوخ کو واضح طور پر نمایاں کرتا ہے۔
یاد رہے کہ بینڈ کے سب سے بڑے31 سالہ ممبر’جن‘ کے علاوہ باقی تمام ممبرز ابھی اپنی ملٹری سروس مکمل کرنے میں مصروف ہیں جبکہ’جن‘ کو ان کی ملٹری سروس مکمل ہونے کے بعد کورین ملٹری نے 12 جون کو فارغ کر دیا تھا۔
ملٹری سروس کے دوران بھی تمام بینڈ ممبرز نے اپنے مداحوں سے جُڑے رہنے کی پوری کوشش کی۔
’جنگ کوک‘ نے حال ہی میں بی ٹی ایس کی 11 ویں سالگرہ پر اپنے مداحوں کے لیے ’نیور لیٹ گو‘ جبکہ’وی‘ نے مارچ میں نیا گانا ’فرینڈز‘ ریلیز کیا۔
’بی ٹی ایس‘ کے باقی تمام ممبرز کی ملٹری سروس 2025ء تک مکمل ہوگی جس کے بعد تمام ممبرز کی بطور بینڈ واپسی ہوگی۔