بھارتی اداکار، گلوکار اور فلم پروڈیوسر دلجیت دوسانجھ اور بھارتی نژاد کینیڈین ریپر، گلوکار اور ریکارڈ پروڈیوسر امریت پال سنگھ ڈھلون المعروف اے پی ڈھلون کے درمیان لفظی جنگ میں بادشاہ ثالثی کیلئے کود پڑے۔
بادشاہ نے دونوں پنجابی گلوکاروں کے درمیان ثالثی کیلئے اپنے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ایک مخفی پوسٹ میں بظاہر اپنے موقف کا اظہار کیا۔
انھوں نے دلجیت اور اے پی ڈھلون سے کہا کہ وہی غلطی نہ کریں جو ہم کرچکے ہیں، دنیا ہماری ہے جسے لینا ہے، جیسے کہ کہتے ہیں: اگر آپ تیز رفتاری سے جانا چاہتے ہیں تو تنہا جائیں لیکن اگر دور جانا ہے تو اکٹھے جائیں، انھوں نے دونوں کو مشورہ دیا کہ اتحاد میں طاقت ہے۔
بادشاہ ان دونوں کو وہ بات سمجھا رہے تھے جو انکے عروج کے دور میں ایک اور پاپ ہیوی ویٹ، یویو ہنی سنگھ اور ان کے درمیان ہوا اور دونوں کو نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ اس وقت دلجیت دوسانجھ اور اے پی ڈھلون اپنے انڈیا ٹور پر ہیں، ایک کنسرٹ کے دوران دلجیت جو اپنے شو کے دوران سامعین کے ساتھ براہ راست گفتگو کرتے ہوئے اے پی ڈھلون اور اجالا پر چلّائے، تاہم اے پی کو انکا یہ انداز ناگوار گزرا۔
بعدازاں جب چندی گڑھ میں کنسرٹ ہوا تو اے پی ڈھلون نے دلجیت پر جوابی وار کیا اور دلجیت کے چلّانے کے انداز کو مارکیٹنگ کا ایک انداز قرار دیا۔