چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے پارٹی رہنماؤں کی حکومت کیساتھ مذاکرات میں شریک نہ ہونے کی وجہ بتادی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان آج مذاکرات ہوئے جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کابینہ اجلاس کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب پشاور کی عدالتوں میں پیشی کی وجہ سے نہ آسکے جبکہ حامد خان بنگلادیش کے دورے کی وجہ سے اور سلمان اکرم راجہ لاہور میں عدالتی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ممبران مصروفیات کی وجہ سے مذکرات میں شریک نہ ہو پائے۔ پی ٹی آئی کے کسی ممبر نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ حکومتی و اپوزیشن کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
حکومتی کمیٹی میں شامل نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناءاللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فاروق ستار نے مذاکرات میں شرکت کی۔
اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات میں اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس نے شرکت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے آئندہ اجلاس 2 جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔