کسی بھی گھر میں داخل ہوتے ہی مکینوں کے طرزِ رہائش کے بارے میں ایک تاثر قائم ہوجاتا ہے۔ راہداری سے چلتے ہوئے جب آپ گھر کے اندرونی حصے کی طرف جاتے ہیں تو اس دوران گھر میں رہائش پذیر افراد کے سلیقے اور نفاست کے کافی حد تک قائل ہوچکے ہوتے ہیں۔ لہٰذا مہمانوں کو اپنے اعلیٰ ذوق سے متاثر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان پر پہلا تاثر ہی مثبت قائم کیا جائے، جس کے لیے راہداری کو متاثر کن اور بہترین طرز پر بنانے کی ضرورت ہے۔
تاہم، مشکل اس وقت پیش آتی ہے جب آپ کے گھر کی راہداری چھوٹی ہو کیونکہ بعض اوقات ہم مکان کی تعمیر کے دوران کمروں کا حجم بڑا رکھنے کے چکر میں راہداری کو زیادہ وسعت نہیں دیتے۔ غالباً اس کی بنیادی وجہ کشادہ راہداری کی اہمیت سے ہماری لاعلمی ہے۔
اگر آپ مکان تعمیر کروارہے ہیں تو کوشش کریں کہ راہداری کو بڑا بنائیں۔ تاہم اگر آپ کے موجودہ گھر کی راہداری چھوٹی ہے تو اسے بھی مختلف طریقوں سے کشادہ دکھایا جاسکتا ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں آج ہم چند ایسے ہی طریقوں پر بات کریں گے جن پر عمل کرکے آپ اپنی راہداری میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔
دیواروں کا رنگ
گھر کے داخلی حصے میں ہم عموماً ایسے رنگ کروا دیتے ہیں جس سے وہ چھوٹا محسوس ہونے لگتا ہے اور اگر گھر کا یہ حصہ پہلے ہی چھوٹا تعمیر کیا گیا ہو تو گہرےرنگوں کے باعث مزید تنگ لگنے لگتا ہے۔ اگرداخلی حصہ چھوٹا ہےتوسب سے پہلے اس جگہ کے لیے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیجیے کیونکہ گہرے رنگ کی دیواریں زیادہ روشنی جذب کرتی ہیں جس سے کمرے کی کشادگی میں کمی واقع ہوتی ہے۔ راہداری کی دیواروں پر آپ ہلکے اور روشن رنگ استعمال کیجیے۔
راہداری کا فرش
ٹا ئلز کے استعمال کے بغیر جدید گھر کا تصور ممکن نہیں۔ اسی لیے آجکل فرش کے لئے ٹائلز کا استعمال لازمی سمجھا جانے لگا ہے۔ راہداری کے لیے ٹائلز کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر جگہ چھوٹی ہے تو ہلکے رنگ کے ٹائلز منتخب کیے جائیں۔ شیشوں کے اسٹائل والے ٹائلز کا انتخاب بہترین رہتا ہے جو دِکھنے میں شیشے جیسے لگتے ہیں مگر مضبوطی اور پائیداری میں بہترین ہوتے ہیں۔
رنگین روشندان
دوران تعمیر گھر کے داخلی راستے میں روشندان (اسکائی لائٹ) بنوانا ہرگز نہ بھولیں۔ دن کے اوقات میں چھت پرنصب شیشوں سے منعکس ہوتی سورج کی روشنی راہداری کو پُررونق بنادے گی۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دن کے اوقات میں اس جگہ مصنوعی روشنیوں کا استعمال نہ ہونے سے بجلی کی بھی بچت ہوگی۔
لہٰذا آپ راہداری میں قدرتی روشنی کا انتظام کرنے کی کوشش کریں، ساتھ ہی مصنوعی روشنیاں بھی نصب کریں تاکہ رات کے وقت وہاں مناسب روشنی ہو۔ روشندان میں لگائے جانے والا شیشہ پولی کاربونیٹ اور کوپو لیسٹر مٹیریل کا ہوتا ہے۔
راہداری کے لئے ہمیشہ رنگین شیشوں کا انتخاب کرنابہتر ہوتا ہے، یہ روشنی دینے کے ساتھ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ روشندان کے لئے استعمال ہونے والے شیشے کو ’حفاظتی گلیزنگ‘ سے بنا ہونا چاہیے۔ شیشے کے علاوہ پلاسٹک (عموماً ایکریلیک) بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
دروازے
سلائڈنگ ڈور (سرکنے والے دروازہ) دو وجوہات کے باعث بہترین انتخاب سمجھا جاتا ہے، ایک تو یہ کہ وہ کسی بھی جگہ کو جاذبِ نظر اور دلکش بناتے ہیں اور دوسرا چھوٹے گھروں کو کشادگی فراہم کرتے ہیں۔ ہمارے یہاں سرکنے والے دروازے کچن اور لیونگ روم میں تو لگوائے جاتے ہیں مگر راہداری میں ان کا استعمال کم ہی دیکھنے میں آتا ہے کیونکہ ان دروازوں کی موجودگی میں فرنیچر یا کسی بڑے سامان کی نقل وحمل مشکل ہوجاتی ہے۔
تاہم اگر آپ کے گھر کے اندرونی حصے میں داخلے کے دو الگ دروازے موجود ہیں تو راہداری کے لیے سرکنے والے دروازوں کا انتخاب کیجئے جبکہ دوسرے دروازے سے گھر کا چھوٹا بڑا سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اگر راہداری کے لیےآپ عام دروازوں کا انتخاب کررہے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ شوخ رنگ کے ہوں ۔ چھوٹی جگہ کے لیے ماہرین دیواروں پر ہلکے رنگوں کا مشورہ دیتے ہیں جبکہ داخلی دروازے کے لیے شوخ رنگوں کے انتخاب کو بہترین سمجھتے ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائنر جیمز شیرون کہتے ہیں کہ شوخ رنگ کےدروازے چھوٹی جگہوں کے لیے منفرد سمجھے جاتے ہیں۔
آئینے کی تنصیب
داخلی حصہ کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، وہاں دیواریں تو لازمی موجود ہوتی ہیں۔ کسی بھی چھوٹی جگہ کو کشادہ دکھانے کا سب سے بنیادی اصول وہاں آئینے کی تنصیب ہے۔ اگر آپ کے گھر کی راہداری چھوٹی ہے تو وہاں کسی ایک دیوار پر چھوٹا آئینہ لگانے کے بجائے بڑا سا آئینہ نصب کردیں۔ دیوار پر قد آور آئینہ لگنے سے راہداری دکھنے میں نہ صرف کشادہ بلکہ خوبصورت اور روشن بھی معلوم ہوگی۔
غیر ضروری سامان
راہداری میں کسی بھی قسم کا فالتو یا غیر ضروری سامان رکھنے سے گریز کریں۔ اگر اینٹروے ٹیبل رکھنے کی گنجائش ہے تو رکھ دیں کیونکہ آرٹسٹک انداز سے سجی ٹیبل خاتون خانہ کےسلیقے کی عکاس ہوتی ہے۔