گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک میں کئی سیاسی پارٹیوں پر پابندی لگی، لیکن وہ ختم نہیں ہوئیں۔
سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہی فیصلہ کرنا ہے پی ٹی آئی پر پابندی لگانی ہے یا نہیں۔ پیپلز پارٹی کی سی ای سی فیصلہ کرے گی کہ وزارتیں لینی ہیں یا نہیں۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پشاور میں ایک وزیر نے صوبے کی قیادت پر چارج شیٹ لگائی۔ صوبائی وزیر نے اپنی حکومت پر بھتہ خوری اور رشوت کے الزامات لگائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جامعات کی زمینیں بیچنا شروع کردی، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ووٹ شخصیات کا ہوتا ہے۔