لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر 14 اگست کو عوامی اجتماع کی اجازت نہ دینے پر پالیسی طلب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر سے کل رپورٹ طلب کر لی۔
پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے سوال کیا کہ حکومت کا استحقاق ہے یا پالیسی کہ وہ جلسے جلوس کی اجازت دے یا نہیں دے؟ 14 اگست کو بھی عوام کو تہوار منانے کی اجازت نہیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہم یقین دلاتے ہیں کہ پُرامن جلسہ کریں گے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کو بھی جلسوں کی اجازت نہیں دی گئی۔