ڈھاکا کی عدالت نے کوٹہ سسٹم کے خلاف مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے ایک ہزار سے زائد بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کو ضمانت پر رہا کردیا۔
رہائی پانے والوں میں بی این پی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر امیر خسرو محمود چوہدری بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ڈھاکا میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دی گئی تھی جس پر سماعت کے بعد جج نے انہیں ضمانت دے دی۔
ضمانت پر رہا ہونے والوں میں بی این پی کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری جنرل روح الکبیر رضوی، جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل میاں غلام پروار، بی این پی چیئرمین کے خصوصی معاون شمس الرحمان المعروف شمول بسواس، ڈھاکا میٹروپولیٹن شمال بی این پی کے کنوینر سیف العالم نیراب، جنوب کے کنوینر رفیق الاسلام مجنوں شامل ہیں۔
اسی طرح 12 جماعتی اتحاد کے کوآرڈینیٹر ایڈووکیٹ سید احسن الہدیٰ، بی این پی کے پبلسٹی سیکریٹری سلطان صلاح الدین ٹکو، ڈھاکا میٹروپولیٹن شمال کے ممبر سیکریٹری امین الحق، بگیرہٹ ضلع بی این پی کے کنوینر ایم اے سلام اور بی این پی کے جوائنٹ سیکریٹری جنرل شاہد الدین چوہدری شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے آرمی چیف کی ڈیڈ لائن کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور وہ ڈھاکا سے نئی دہلی فرار ہوگئی تھیں۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کے استعفیٰ کے بعد صدر سے مشاورت کے بعد عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔