بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ کے پیرس اولمپکس کے فائنل سے ڈس کوالیفائی کرنے کے فیصلے کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے بھارت کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔
بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ کو زیادہ وزن کے باعث پیرس اولمپکس کے فائنل سے ڈِس کوالیفائی کیا گیا۔
بی جے پی کے رہنما اور سابق باکسر وجندر سنگھ نے پیرس اولمپکس کے اس فیصلے کو بھارت کے خلاف بڑی سازش قرار دیا ہے۔
وجندر سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ ونیش کو اضافی وزن کم کرنے کا موقع ملنا چاہیے تھا، انہیں موقع فراہم نہ کرنا بھارتی پہلوانوں کے خلاف بڑی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک رات میں پانچ سے چھ کلو وزن کم کرسکتے ہیں تو 100 گرام کی کیا مشکل ہے، مجھے لگتا ہے کہ اس معاملے پر کسی کو مسئلہ تھا اس لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ نے 50 کلو گرام ریسلنگ کیٹیگری میں فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، انہیں زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نا اہل کردیا گیا تھا۔
ونیش پھوگٹ کا وزن مطلوبہ حد سے زیادہ پایا گیا تھا۔ انہوں نے اپنا وزن نیچے لانے کےلیے ہر ممکن کوشش کی جس کےلیے خاتون ریسلر نے کھانا چھوڑا اور دوڑ بھی لگائی تھی۔
بھارتی حکام نے اولمپک کمیٹی سے مزید وقت بھی مانگا تھا لیکن ان کی یہ کوششیں رائیگاں چلی گئیں۔