• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی خاتون سرِ عام گانا گانے اور حجاب نہ پہننے پر گرفتار


ایرانی خاتون زارا اسماعیلی کو حجاب نہ پہننے اور سرِ عام گانا گانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، زارا اسماعیلی کو عوامی مقام پر بغیر حجاب پہنے ایمی وائن ہاؤس کا گانا ’بیک ٹو بلیک‘ گانے پر گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی خاتون کو ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حراست میں لے لیا گیا،  ایک قریبی ذرائع نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب ایرانی گلوکار اور برلن میں قائم رائٹ ٹو سنگ مہم کے بانی فرواز فرواردین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اس گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ایک ایرانی خاتون گلوکارہ زارا اسماعیلی کو تہران کے مرکزی ڈیٹینشن سینٹر میں عوامی مقام پر گانے کے جرم میں قید کیا گیا ہے۔ 

انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے ملک میں اس سخت قانون کے خلاف ’زن، زندگی، آزادی‘ کے نام سے ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔

اس مہم نے 2022ء میں مہسا امینی کی المناک موت کے بعد زور پکڑا اور بڑے پیمانے پر احتجاج اور حجاب کے سخت قوانین میں تبدیلی کے مطالبات کو جنم دیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید