بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجد کا اپنی والدہ کیلئے پیغام سامنے آگیا، انہوں نے یہ پیغام شیخ حسینہ کیلئے ان کے وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کے 3 دن بعد شیئر کیا ہے۔
صائمہ واجد نے مشکل وقت میں والدہ کے ساتھ نہ ہونے پر دل شکستگی کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صائمہ واجد نے اپنی والدہ کیلئے ایک پیغام میں کہا کہ ’مشکل وقت میں ماں کو گلے نہ لگانے اور ان سے نہ ملنے پر میرا دل ٹوٹ گیا ہے‘۔
یاد رہے کہ حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) میں جنوب مشرقی ایشاء کی ڈائریکٹر ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں طلبا کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاجی تحریک کے نتیجے میں 5 اگست کو شیخ حسینہ واجد وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
77 سالہ شیخ حسینہ واجد کو بنگلادیش کے آرمی چیف نے ملک چھوڑنے کیلئے صرف 45 منٹ دیے تھے، جس کے بعد وہ اپنی بہن شیخ رینا اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ ملٹری ٹرانسپورٹ جہاز میں بھارت چلی گئی تھیں۔