صدر مملکت آصف علی زرداری سے مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسجد نبویﷺ کے امام نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلیے مل کر کام کرنا چاہیے۔