پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پیرس اولمپکس 2024ء میں ارشد ندیم کے ورلڈ ریکارڈ بنا کر گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ارشد ندیم کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ’ارشد ندیم نے اپنی محنت کے تحت ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ’ارشد ندیم نے اولمپکس ریکارڈ توڑ کر جولین تھرو میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب پاکستانی نوجوانوں کو موقع دیا جاتا ہے تو وہ اپنی جیت سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی۔
پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔
سحر کامران کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کو اولمپکس میں کامیابی اور سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے متن کے مطابق ارشد ندیم نے 92.97 میٹر جیولین تھرو پھینک کر پیرس اولمپکس 2024ء میں ریکارڈ قائم کردیا ہے۔