سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ،صدر اور خالد مقبول صدیقی کا اعتماد حاصل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عام شہریوں کیلئے کھلے ہیں، گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا دعویٰ کسی اور کا تھا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا اس کو پورا کر کے دکھایا، لیپ ٹاپ اور مفت راشن دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، عہدے تو آتے جاتے رہتے ہیں، جب تک اس عہدے پر ہوں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کی تعمیر پر کام جاری ہے۔
علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی گورنر کی تبدیلی سے متعلق افواہیں چلتی رہی ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم سے کسی نے نہ بات کی نہ کوئی مشاورت ہوئی، تمام طبقات میں کسی گورنر کی قبولیت ہوئی تو وہ کامران ٹیسوری کی ہوئی۔