راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی سمیت مختلف رہنماؤں کے خلاف سانحۂ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔
دورانِ سماعت شیخ رشید، شبلی فراز، غلام سرور، صداقت عباسی، شیریں مزاری، اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے۔
سانحہ 9 مئی کے 500 سے زائد ملزمان کی عدالت میں حاضری لگائی گئی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کو بھی کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر کی جانب سے محمد فیصل ملک لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی 9 مئی کے 12 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے پر خارج کر دی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ بشریٰ بی بی سے سانحۂ 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش 7 روز میں مکمل کی جائے، ملزم جب اتنے سارے مقدمات میں گرفتار ہو تو اس سے تفتیش ضروری ہے۔