شاہ کوٹ (نمائندہ جنگ) نارووال کے قریب غلطی سے سرحد پار کر جانے والے نہم جماعت کے طالب علم14سالہ محمد بابر سمیت تین نوجوانوں کو بھارتی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے ۔ خان کالونی مانانوالہ کے رہائشی محنت کش محمد افتخار مغل کے مطابق اسکا نہم جماعت کا14 سالہ طا لب علم بیٹا محمد بابر گھر والوں کے ہمراہ نارووال کے قریب واقع سرحدی گاؤں میں رشتہ داروں کے ہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گیا تھا کہ گزشتہ روز 2نوجوانوں کیساتھ موٹر سائیکل پرسیر کرتے ہوئے غلطی سے انڈیا کی حدود میں چلا گیا جنہیں انڈین بارڈر سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام تینوں نوجوانوں کی رہائی کے لیے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جبکہ پاکستان رینجرز حکام نے طالب علم بابر کے ورثاء کو طلب کر کے معلومات حاصل کرلی ہیں۔ محنت کش افتخار مغل نے اپنے بیٹے کی رہائی کے سلسلے میں حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔