بالی ووڈ کے نامور اداکار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ انکا بڑا بیٹا آریان خان جب پیدا ہوا تو اس وقت وہ جیکی چن کی شکل کا تھا، اسے ئائیکوانڈو کی ٹریننگ کروائی تاکہ یہ بڑا ہوکر چینی سپر اسٹار جیسا بنے۔
لوکارنو فلم فیسٹیول کے موقع پر جیونا اے نزارو کے ساتھ بات چیت میں شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کیریئر سمیت گھریلو زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔
بالی ووڈ کے بادشاہ نے کہا ہے کہ اگر میں اپنے سب سے پسندیدہ اداکار کا انتخاب کروں تو وہ جیکی چن ہیں۔ وہ پرمزاح شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ناصرف فٹ بلکہ بہت اچھا کام کرنے والے اداکار بھی ہیں۔ وہ ہمیشہ مجھے متاثر کرتے رہے ہیں۔
شاہ رخ نے بتایا کہ جب میرا بیٹا آریان خان پیدا ہوا تو مجھے ایسا لگا کہ یہ جیکی چن جیسا دکھتا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شاہ نے کہا کہ آپ تو جانتے ہیں کہ جب بچے پیدا ہوتے ہیں تو وہ چہرے کے مختلف تاثرات بناتے ہیں اور آریان جیکی چن کی طرح کے تاثرات بنا رہے تھے۔ میرا بیٹا اس وقت مجھے بالکل جیکی چن لگا۔
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیٹے کو تائیکوانڈو کی ٹریننگ کروائی یہ سوچ کر کہ وہ بڑا ہوکر جیکی چن کی طرح بنے گا۔ اگر ایمانداری سے کہوں تو میں چاہتا تھا کہ آریان بڑا ہوکر جیکی چن بنے۔