وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو اتنے ووٹ ہی نہیں ملے جتنے پہیہ جام کرنے کیلئے ضروری ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کراچی میں دھرنے دے دے کر امیر بنے ہیں، وہ ہر مسئلے کا حل دھرنا سمجھتے ہیں۔
عظمٰی بخاری نے کہا کہ فضل الرحمان کی یہ باتیں پرانی ہوگئی ہیں کہ حکومت کسی اور کی ہے، حکومت اسی کی ہے جو نظر آرہی ہے اور وہی حکومت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ 9 مئی میں جوڈیشل کمیشن کی ضرورت کیوں ہے، کیا حسان نیازی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر پی ٹی آئی کے نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ مجھے گرفتار کیا گیا تو لوگوں نے کینٹ ہی جانا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ہمارے لوگ نہیں تھے، کیا محض اتفاق تھا کہ مظاہرین ہر شہر میں فوجی تنصیبات تک پہنچ گئے، یہ لوگ عدالتی ہتھوڑے سے انصاف کے عمل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔