نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امن و امان اور سماجی ترقی کے اقدامات پر تبادلۂ خیال ہوا۔
اسحاق ڈار نے امن و امان کی بحالی کے لیے بلوچستان حکومت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کی بھی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی ڈیولپمنٹ پروگرام کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل فنڈز کے بر وقت اجراء سے مشروط ہے۔