سندھ بھر میں آج سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا، کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 19اگست تک صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، ملک میں مون سون کا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19اگست تک کراچی، گھوٹکی، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ اور سکھر سمیت سندھ کےمختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، جبکہ گوجرانوالا، حافظ آباد اور چنیوٹ میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کی این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 25 اگست تک مون سون کے متوقع شدید اسپیل کی ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کررہے ہیں، ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے انخلاء اور نکاسی آب کی تیاری یقینی بنائی جائے۔