دورِ جدید میں تعمیراتی صنعت میں بے شمار تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ جدت کے ساتھ گھر کے مختلف حصوں کے لیے مختلف قسم کا تعمیراتی مٹیریل استعمال کیا جانے لگا ہے۔ دور جدید میں گھر کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران پورے گھر پر ہی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
تاہم آج ہم ماضی میں غیر اہم سمجھے جانے والے آنگن کے ڈیزائن کے حوالے سے بات کریں گے کہ کون کون سا تعمیراتی مواد استعمال کرکے اسے خوبصورت بنایا جاسکتا ہے کیونکہ سردی کی دوپہر ہو یا گرمی کی راتیں، آنگن ہر گھر کا اہم حصہ مانا جاتا ہے۔
مغرب میں اسے اس کے ہسپانوی نام ’پیٹیو، سے پکارا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک شاندار اور جدید انداز میں تعمیر کیا گیا آنگن بیرونی حصے کو خوشگوار بناتے ہوئے گھر کی قدروقیمت میں بھی اضافے کا سبب بنتا ہے۔
تعمیراتی ماہرین بھی آنگن میں استعمال کیے جانے والے تعمیراتی مواد کے انتخاب کے وقت غوروفکر کا مشورہ دیتے ہیں یعنی قیمت، پائیداری ، اسٹائل اور اسے لگانے میں پیش آنے والی دقت۔ ذیل میں آنگن کو پُر کشش اور دلکش بنانے کے لیے مختلف تعمیراتی مواد کا ذکر کیا جارہا ہے۔
اسٹیمپڈ کنکریٹ
اگر آپ اپنی پسند اور منشا کےمطابق اپنے گھر کے آنگن کو ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں تو پھر مٹیریل کے طو ر پر اسٹیمپڈ کنکریٹ (Stamped concrete) استعمال کیجیے۔ اسٹیمپڈ کنکریٹ میں کنکریٹ کو اینٹوں، سلیٹ، فرشی پتھر، ٹائلز اور لکڑی وغیرہ کی شکل دی جاتی ہے۔ سخت سطح کے ساتھ تعمیر کیے جانے والے آنگن کے لیے کنکریٹ ایک سستا اور مقبول تعمیراتی مواد ہے۔
اسٹیمپڈ کنکریٹ ایک ہی قسم اور سائز کی چٹان کے ٹکڑوں کا انبار ہوتی ہے، جس کی تیاری کے لیےپتھر، ریت اور بجری کو کچل کر یکجان کیا جاتا ہے، بعد میں گارے کی تیاری کے لیے پانی اور سیمنٹ کا استعمال کیاجاتا ہے۔ عام طور پر آنگن میں کنکریٹ لگانے کے لیے کسی ماہر معمار کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس سے بنے فرش ویسے تو 20سے 30سال نکال دیتا ہے لیکن اگر ایک بار یہ ٹوٹ جائے تو اسے نئے سرے سےتعمیر کروانا زیادہ مناسب رہتا ہے۔ اسٹیمپڈ کنکریٹ کا فرش روایتی و جدید طرز کے مکانات میں آرٹ اینڈ کرافٹ کو مدنظر رکھ کر بنایا جاتا ہے۔
پتھر
پتھروں (Stones) سے تعمیر کیا جانے والا آنگن حیرت انگیز حد تک خوبصورت ہوتا ہے۔ پتھر کی سطح بنانے کے لیے فلیگ اسٹون، سلیٹ،بلواسٹون، لائم اسٹون چند مشہور تعمیراتی مواد مانے جاتے ہیں۔ پتھر زمین کی سطح میں نصب کیے جاتے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ان کے خراب ہونے کا امکان نہیں پایا جاتا لیکن اگر کوئی ایک پتھر ٹوٹ جائے تو پوری سطح تبدیل کرنے کے بجائے خراب پتھر کو نکال کر تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
پتھر وزن میں بھاری اور تنصیب میں مشکل ہوتے ہیں، لہٰذا ان کی تنصیب کے لیے ایک تجربہ کارمعمار کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ پتھر سے بنافرش گرمیوں میں سخت گرم اور بارش میں پھسلن کا باعث بنتا ہے، ایسے میں خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔ پتھر طویل مدتی ہوتے ہیں، جنہیں روایتی طرز تعمیر مثلاً وکٹورین اور کولونیل اسٹائل کے گھروں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
اینٹیں
آنگن کو کلاسیکل انداز دینےکے لیے اینٹوں کا استعمال (دیواروں اور فرش کے لیے) بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اینٹیں رنگوں کے انتخاب کو محدود کردیتی ہیں، تاہم آنگن کو منفرد اور جداگانہ طرز دینے کے لیے اینٹیں بہترین ہوتی ہیں۔ نئی اینٹوں کی قیمت زیادہ ہوتی ہے لیکن آپ آنگن میں نئی اینٹوں کے بجائے استعمال شدہ اینٹیں بھی لگواسکتے ہیں، جو ماحول دوست بھی تصور کی جاتی ہیں۔
اگرچہ اینٹیں جلد خراب نہیں ہوتیں لیکن زیادہ دباؤ یا منجمد درجہ حرارت کے نتیجے میں یہ ٹوٹ بھی سکتی ہیں۔ اینٹوں کی صفائی مشکل ہوتی ہے کیونکہ جلد ہی ان پر کائی جم جاتی ہے، جسے بلیچ یا برش کی مدد سے ہٹایا جاسکتا ہے۔ مناسب صفائی اور دیکھ بھال کے باعث اینٹوں کی عمر 100سال تصور کی جاتی ہے۔
جدید طرز کے گھروں کے بجائے کلاسیکل، رینچ، کرافٹ مین اور روایتی طرز تعمیر میں اینٹوں کا استعمال بہترین سمجھا جاتا ہے۔ ڈیزائن یا پیٹرن کے اعتبار سے آپ کو انہیں لگانے کے لیے تجربہ کے حامل معمار کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
چھوٹے گول پتھر
چھوٹے سائز کے گول پتھر(Pea gravel) انگلش گارڈن ڈیزائننگ کے لیے سب سے مقبول مٹیریل مانے جاتے ہیں۔ ان پتھروں کا استعمال پگ ڈنڈی(پاتھ وے) یا فرش بچھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ دوسرے مٹیریل کی نسبت یہ قیمت میں کم مگر خوبصورتی میں زیادہ ہوتے ہیں جبکہ انھیں لگانا بھی قدرے آسان ہوتا ہے۔ یہ پتھر بھربھری اور ہموار زمین کی سطح میں پائے جانے والے پتھروں سے تیار کیے جاتے ہیں۔
اگر آپ کا بجٹ کم ہے تو آنگن کی تعمیر کے لیے یہ مٹیریل بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔ چونکہ یہ پتھر بھربھری اور ہموار سطح میں ہی استعمال کیے جاتے ہیں، لہٰذا انہیں مزید ٹھوس مواد بنا کر لگانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ اگر ان پتھروں کی دیکھ بھال مناسب انداز میں کی جائے تو یہ زندگی بھر خراب نہیں ہوتے۔ ان پتھروں کو وکٹورین، کولونیل اور جدید طرز تعمیر والے گھروں میں انگلش لُک دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ٹائلز اور ماربل
آنگن کے فرش کی تعمیر میں ٹائلز اور ماربل کا استعمال بھی عام ہے۔ ٹائلز اور ماربل کو صاف کرنا آسان اور ان پر چلنا خوشگوار ہوتا ہے۔ ٹائلز کی خصوصیات کی وجہ سے لوگ ان کا استعمال گھر کے مختلف حصوں میں کرتے ہیں۔ ٹائلز لگانے کے لیے پہلے ان کے نیچے بنیاد بنانی پڑتی ہے اور پھر ٹائلز کو سیٹ کرکے ایک دوسرے سے ترتیب میں جوڑ دیا جاتا ہے۔
مارکیٹ میں کئی اقسام، خصوصیات اور رنگوں والے ٹائلز دستیاب ہیں، جن کو آپ اپنے ذوق اور بجٹ کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ماربل کے بھی کئی پیٹرن دستیاب ہیں اور اس سے بنا فرش دکھنے میں کافی صاف اور دلکش لگتا ہے۔