بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور صارفین میں پائی جانے والی بے چینی کے تدارک کیلئے مسلم لیگ( ن ) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پنجاب کیلئے تاریخی بجلی ریلیف پیکیج یقیناًعوام دوست اقدام ہے جس کے مطابق 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا جو اگست اور ستمبر کے بلوں میں فراہم ہو گا۔ 500 یونٹ تک بنیادی ٹیرف ریٹ 37 سے 38 روپے فی یونٹ ہے۔ 14 روپےریلیف ملنے کے بعد یہ 24 روپے کا ہو جائیگا۔ قائد ن لیگ کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف پیکیج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے دیرپا حل کیلئے کام ہو رہا ہے۔ یہ بات مد نظر رہے کہ بھاری بلوں میں بالواسطہ ٹیکسوں اور آئی پی پیز معاہدوں کی جڑیں پیوست ہیں جن کو کاٹے بغیر یہ ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ توانائی حکام کے مطابق صرف پچاسی گھنٹے چلنے والے آئی پی پیز کو 49 ارب ادا کئے جاتے ہیں۔ بجلی کمپنیوں کے ملازمین کو سالانہ 15 ارب روپے کی مفت بجلی دی جاتی ہے۔ بلوم برگ کے مطابق بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ نواز شریف نے وزیراعلیٰ مریم نوازکو شاباش دی اور کہا کہ یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہو گا۔ 700 ارب روپے سے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دیںگے۔ مریم نواز نے آٹے کی قیمت کم کی ۔ صحت و صفائی کیلئے بھی سخت محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی اور بجلی کے بلوں کا آج سے موازنہ اور انہیں اقتدار سے الگ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا اگر ترقی کا یہ سفر جاری رہتا تو آج ہم ایشین ٹائیگر ہوتے۔یہ ریلیف اگرچہ صرف دو ماہ کیلئے ہے تاہم حکومت کے بہتر اقدامات کا خیرمقدم کیا جانا چاہئے۔