وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی برطانیہ اور امریکا سے سبق سیکھنا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک منظم سازش تھی، انتشار اور فساد کی اجازت نہ مذہب دیتا ہے، نہ جمہوریت اور نہ آئین۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے انتشار پھیلانے والوں کو 24 گھنٹے کے اندر سزائیں دی گئیں، عدلیہ کو بھی ویسے ہی فیصلے کرنے چاہئیں جیسے برطانیہ میں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون کی گرفت سے بالا نہیں ہو سکتا، یہ دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے جب ان سے مانگی گئیں تو بوگس رسیدیں لاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں جمہوریت کا یہ مطلب نہیں کہ اپنی ریاست کے خلاف انتشار پیدا کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑا چیلنج معیشت ہے اس کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، معاشی میدان میں انرجی سیکٹر ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کی نئی لیڈر شپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سستی بجلی دینے کے لیے بڑےریلیف کا اعلان کیا، اُمید ہے دیگر صوبائی حکومتیں بھی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس تیزی سے آج لوگ باہر جا رہے ہیں اسی تیزی سے واپس بھی آئیں گے۔