• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے الفاظ کا چناؤ تھوڑا مناسب نہیں تھا، ناصر شاہ


پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کے الفاظ کا چناؤ تھوڑا مناسب نہیں تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں ناصر شاہ، پی ٹی آئی کے زین قریشی اور ن لیگ کے بلال اظہر کیانی نے شرکت کی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ تو کچھ اور کہنا چاہ رہے تھے لیکن مریم نواز کا جواب کچھ زیادہ ہی سخت تھا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے الفاظ کا چناؤ مناسب نہیں تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے بات بالکل درست کی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی بھی صوبہ اپنے لوگوں کو ریلیف دیتا ہے تو اس پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔ آئی پی پیز کی وجہ سے بجلی کا ٹیرف بہت زیادہ ہے، ہم پورے ملک کی بات کرتے ہیں۔

ناصر شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنا کام کررہے ہیں، سندھ حکومت بجلی کے بلوں میں کمی کےلیے پلان بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبے مل کر 70 ارب روپے دیں تو عوام کو بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف مل سکتا ہے۔ آئی پی پیز کے ساتھ اگر مشاورت سے کوئی قدم اٹھایا جائے تو بہتری آسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ڈیمانڈ ڈھائی ہزار میگاواٹ ہے جبکہ دیگرصوبوں کی ڈیمانڈ 1200 سے بھی کم ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹرین مارچ کو مکمل آزادی تھی، کسی نے نہیں روکا، اگر پُرامن جلسہ ہوگا تو بالکل اجازت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اُن کا احتجاج الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہے، جن سیٹوں پر وہ دھاندلی کا کہہ رہے ہیں، اُن میں سے اکثر تو پی ٹی آئی جیتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید