• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیرِاعظم تقرری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سندھ ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کو نائب وزیرِ اعظم مقرر کرنے کے خلاف دائر درخواست کی فوری سماعت کی استدعا پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

سندھ ہائی کورٹ نے  اسحاق ڈار کو نائب وزیرِ اعظم مقرر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران فریقین سے 6 ہفتوں کے بعد تحریری جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 6 ہفتوں بعد درخواست غیر مؤثر ہو جائے گی، آئین میں نائب وزیرِ اعظم کا کوئی عہدہ نہیں ہے، اسحاق ڈار کو 90 لاکھ روپے کے مساوی مراعات ملیں گی، آئین میں وزیرِ اعظم اور نگراں وزیرِ اعظم کے عہدے کے علاوہ ایسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔

جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کیا 6 ہفتوں بعد نائب وزیرِ اعظم کی تقرری ختم ہو جائے گی؟ فوری درخواست کی سماعت پر نوٹس کر دیا ہے، اگلی تاریخ پر کیس کا جائزہ لیں گے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں پشاور اور لاہور ہائی کورٹس سے مسترد ہو چکی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید