کراچی میں گلستانِ جوہر فلائی اوور پر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت سے جاں بحق سارہ کی المناک موت کو 24 گھنٹے گزر گئے لیکن نہ ڈمپر ڈرائیور پکڑا جا سکا، نہ مقدمہ درج ہوا۔
مرمت کے نام پر ڈھائی ہفتے پہلے سڑک کھودنے والی شہری انتظامیہ بھی خاموش ہے۔
گزشتہ روز ملازمت کےلیے گھر سے نکلنے والی سارہ کی اسکوٹی سڑک پر عدم توازن کا شکار ہو کر گری تھی اور پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے اسے کچل دیا تھا۔
واقعے سے متعلق تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ اہلخانہ نے مقدمہ درج نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہے، مقدمہ درج نہیں کیا گیا، مقدمے کے اندراج کےلیے اہل خانہ کو بلایا، مگر اب تک نہیں آئے۔
طالبہ کے کزن سرفراز نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اہلخانہ نے قانونی کارروائی نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، والدین کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کروایا جائے گا۔