وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں کل ہر صورت میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کارکن دن تین بجے صوابی انٹرچینج پہنچیں، جہاں سے وہ خود ریلی کی قیادت کریں گے، کل کا دن ثابت کرے گا کہ عوام کی طاقت زیادہ ہے یا مینڈیٹ چور حکومت کی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جلسہ کی این او سی عدالت نے دی تھی وہ کمشنر نے معطل کر دی، وفاقی حکومت کی فسطائیت، جبر اور غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صوابی سے میں لیڈ کروں گا، ہم ہر صورت میں یہ جلسہ کریں گے، یہ جلسہ ترنول چوک پر ہوگا، ہم ان کو بتائیں گے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارا لیڈر ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے ہماری محبت تھے پھر ہمارا عشق بنے اور اب ہماری ضد بن چکے ہیں۔ اگر یہ عدالتوں کو نہیں مانتے تو کل کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے، ہم ڈنکے کی چوٹ پر جلسہ کر کے دکھائیں گے۔