جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں کرسکتی۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے قابل اعتراض تمام شقوں کو ختم کر دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دینی جماعتوں نے سپریم کورٹ کو فیصلے سے متعلق قائل کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پچھلی سماعتوں کے قابل اعتراض نکات کو ختم کردیا۔ تمام دینی جماعتوں اور ان کے کارکنان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے بہت ہی فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔ چیف جسٹس نے جس مثبت رویے کا اظہار کیا ان کو داد د ینی چاہیے۔ ایک انسان اتنے بڑے منصب پر ہو کر کہتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوسکتی ہے تو یہ کافی ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اس مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن سب ایک صفحے پر تھے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا ہم انکے انسانی حقوق کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ آئین پاکستان کو تسلیم کریں۔ کوئی شہری دنیا کے کسی حصے میں آئین کو تسلیم نہیں کرتا تو اس کے شہری حقوق ختم ہو جاتے ہیں۔