• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی کی بطور امیدوار چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی نامزدگی رکوانے کیلئے نور اعوان کا خط

ملک نور اعوان عمران خان کی آکسفورڈ کے چانسلر کیلئے نامزدگی رکوانے کیلئے متحرک --- فائل فوٹو
ملک نور اعوان عمران خان کی آکسفورڈ کے چانسلر کیلئے نامزدگی رکوانے کیلئے متحرک --- فائل فوٹو

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے  بانیٔ تحریکِ انصاف کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں چانسلر کے انتخابات میں بطور امیدوار نامزدگی رکوانے کے لیے خط لکھ دیا۔

انہوں نے جاپان میں مقیم برطانوی سفیر جولیا لونگ باٹم اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی اسسٹنٹ ٹو چانسلر مسز انا الکرافٹ کے نام خط تحریر کیا ہے۔

انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندے کے تحت بانیٔ پی ٹی آئی کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخابات میں بطور امیدوار نامزدگی کے خلاف اعتراض اُٹھانا چاہتے ہیں۔

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو

ملک نور اعوان نے خط میں اعتراض اُٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اس بین الاقوامی معتبر تعلیمی ادارے کے چانسلر کے لیے انتہائی نامناسب شخصیت ہیں، اس وقت پاکستان میں ان کے خلاف ڈیڑھ سو سے زائد کیسز عدالت میں زیر سماعت ہیں، جبکہ کئی کیسز میں انہیں سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ جن اہم کیسز میں بانیٔ پی ٹی آئی کو سزا کا سامنا ہے ان میں توشہ خانہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس کیس میں انہیں سزا بھی سنائی جا چکی ہے جبکہ سائفر کیس میں بھی ملک سے غداری جیسا حساس مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔

ملک نوراعوان نے مزید لکھا ہے کہ اس کے علاوہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف غیر قانونی نکاح کا کیس بھی اختتامی مراحل میں ہے، پاکستان میں 9 مئی کو حساس فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہونے کا کیس بھی بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف زیرِ سماعت ہے، لہٰذا ایسے شخص کو اتنی معتبر یونیورسٹی میں بطور چانسلر کے انتخابات میں نامزد کرنا بھی ادارے کے وقار کے خلاف ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ وہ اس خط کے ذریعے یونیورسٹی کے اس فیصلے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، امید ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کر کے بانیٔ پی ٹی آئی کو چانسلر کے الیکشن کے لیے نا اہل قرار دے گی۔

قومی خبریں سے مزید