رحیم یار خان ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں میں منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
2 اہلکاروں کی میتیں ملتان اور ڈی جی خان میں پہنچا دی گئیں۔
گزشتہ روز حملے میں شہید ایک کانسٹیبل انس کی میت آبائی شہر ملتان کے علاقہ رام کلی پہنچا دی گئی۔ میت پہنچنے کے بعد شہریوں اور پولیس کی جانب سے پھول نچھاور کیے گئے۔
ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والےاہلکار نذر کھوسہ کی میت بھی تدفین کے لیے آبائی علاقے پہنچا دی گئی۔ پولیس کے چاق چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈاکوؤں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغے، حملے میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ 5 لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق حملے میں ملوث ڈاکوؤں کی سرکوبی کےلیے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب کچے میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رحیم یار خان عمران احمد سمیت 3 افسران کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
عمران احمد کی جگہ رضوان عمر گوندل کو ڈی پی او رحیم یار خان تعینات کردیا گیا۔