آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور بودھی ورک کے تعاون سے فلمساز و ڈائریکٹر مہر جعفری کے تھیٹر ”دی وائٹ پلیگ“ کی میڈیا نائٹ کا اہتمام آڈیٹوریم ون میں کیا گیا۔
میڈیا نائٹ میں معروف اداکارہ عذرا محی الدین اور صنم سعید سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تھیٹر ”دی وائٹ پلیگ“ 1937ء کے کھیل پر مبنی ہے، جسے مشہور چیک ڈرامہ نگار، ناقد اور صحافی کارل چپیک نے لکھا ہے۔
تھیٹر ضیاء محی الدین کی یاد کےلیے وقف ہے کیونکہ یہ ان کا آخری کمیشنڈ ڈرامہ تھا۔
ڈرامہ کی کاسٹ میں فواد خان، سعد ضمیر، سمحان غازی، کاشف حسین، منال صدیقی، صفیہ بالا شاہی، دانش ارشاد، بلال احمد، محمد رضا، فیصل طالب، عادل شاکر اور حسن ملک شامل ہیں۔
”دی وائٹ پلیگ“ جنگ پسند قوموں اور غیر انسانی وائرس پر ایک شدید طنز ہے، یہ آج بھی ایسا ہے جتنا کہ دوسری جنگ عظیم سے پہلے لکھا گیا تھا۔
تھیٹر ذہین اور فکر انگیز تفریح پر مبنی ہے، ڈرامے میں وبائی امراض کی عکاسی کی گئی۔
تھیٹر میں کس طرح ایک سپر پاور ایک مکمل جارحانہ جنگ کی تیاری کررہی ہے جبکہ دنیا ایک پراسرار وباء”وائٹ پلیگ“ سے تباہ ہورہی ہے۔
ایک نوجوان ڈاکٹر اس بیماری کا علاج دریافت کر لیتا ہے مگر دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کےلیے اس کی کچھ شرائط ہوتی ہیں جس کے بعد وہ بیماری کا علاج بتانے پر آمادہ ہوتا ہے۔
تھیٹر وائٹ پلیگ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں اتوار 25 اگست تک جاری رہے گا۔