وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے کانسٹیبل کو ایئر ایمبولینس سے لاہور منتقل کر دیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے گزشتہ روز زخمی اہلکار بلال کی عیادت کے دوران انہیں لاہور منتقل اور مغوی سپاہی احمد نواز کی بازیابی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچے میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل ہمارے ہیرو ہیں، ان کی مکمل صحت یابی تک بھرپور ساتھ دیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نواز کے حکم پر زخمی کانسٹیبل بلال کو علاج کے لیے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں جنرل اسپتال کے ماہر نیورو سرجن زخمی کانسٹیبل کا علاج کریں گے جبکہ ان کے علاج کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل اور دیگر پولیس اہلکاروں کو یرغمال اہلکاروں کی بازیابی پر شاباشی دی اور کہا کہ سپاہی احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی سپاہی احمد نواز کو جیل میں قید ڈاکو جبار لولائی کی رہائی کے بدلے آزادی ملی ہے، جبکہ پولیس اس حوالے سے تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ 22 اگست کو پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس پر شدید حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اہلکار احمد نواز کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
بعدازاں ڈاکوئوں نے یرغمال پولیس اہلکار کی وڈیو بھی جاری کی تھی۔
تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یرغمال بنایا گیا اہلکار بازیاب کروالیا ہے، اس حملے میں 12 اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے تھے۔
زخمی ہونے والے ایک کانسٹیبل بلال کی ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام متاثر ہوا تھا، جسے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمی سپاہیوں کا علاج رحیم یار خان میں جاری ہے۔