مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان میں دہشت گرد اور کچے کے ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں، شہباز شریف، زرداری اور مریم نواز صرف مذمتیں ہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، پنجاب کے بعد بلوچستان میں سفاکانہ کارروائیوں پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے بلوچستان واقعے کے شہداء کے لیے فی خاندان 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں استحکام اور ریاست کے بچاؤ کے لیے جعلی مینڈیٹ کا خاتمہ ضروری ہے، امن و امان سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔
مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹرسیف نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی استحکام بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیر ناممکن ہے، نااہل حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت میں مکمل ناکام ہے۔