غزہ میں طبی سہولتیں اسرائیلی فوج کے نشانے پر ہیں، اسرائیل کی جانب سے اب تک طبی مراکز پر 500 سے زائد حملے کیے گئے۔
اس حوالے سے عالمی ادارۂ صحت کا کہناہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل نے غزہ کے طبی مراکز کو 500 سے زائد حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کے غزہ کے طبی مراکز پر حملوں میں اب تک 750 فلسطینی شہید اور تقریباً 1 ہزار فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارے کے مطابق غزہ کے 128 ہیلتھ ورکرز اب بھی اسرائیل کی قید میں ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں 32 اسپتالوں کو نقصان پہنچا، اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کے 36 میں سے صرف 16 اسپتال جزوی طور پر فعال ہیں۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 26 مئی کو رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی جنگی جرائم کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
اس اسرائیلی حملے میں 23 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
اقوامِ متحدہ دیرالبلح سے اسرائیلی فوج کے انخلاء کے حکم کے بعد غزہ کے لیے امدادی آپریشن روکنے پر مجبور ہے۔
اقوامِ متحدہ نے اپنا امدادی آپریشن سینٹر رفح کے بعد دیرالبلح منتقل کر دیا تھا۔
اسرائیل نے صرف گزشتہ 6 دن میں بے گھر فلسطینیوں کو 5 مرتبہ انخلاء کے احکامات جاری کیے ہیں۔