انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس کا کہنا ہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف کراچی میں آج مکمل ہڑتال ہو گی۔
ایک بیان میں انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت ناکام ہو چکی ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے بھی آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار مکمل بند رہے گا، ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کا کہنا ہے کہ حکمراں طبقہ تاجر طبقے اور عوام سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے، تاجر دوست اسکیم موجودہ شکل میں کسی صورت قبول نہیں۔
ادھر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا ہے کہ کراچی سے خیبر تک تمام تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔
صدر آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ یہ تاجروں کی نہیں شہریوں کی ہڑتال ہے، عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی کال کے بعد شہر میں امن وامان کی صورتِ حال معمول کے مطابق ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر اور نارتھ ناظم آباد میں مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کیا تھا۔
علاوہ ازیں پشاور کی تاجر تنظیمیں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال پر ہیں، تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھےگئے ہیں۔
تاجر یونینز نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔