• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورے ملک میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب رہی، لیاقت بلوچ

لیاقت بلوچ : فوٹو فائل
لیاقت بلوچ : فوٹو فائل

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ  کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان  نے تاجر برادری، صنعتکاروں سے مل کر شٹر ڈاؤن کی کال دی تھی، پورے ملک میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب رہی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  لیاقت بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری نے جماعت اسلامی کی کال کو کامیاب بنایا، تمام تاجر برادری کے رہنماؤں کا جماعت اسلامی شکریہ ادا کرتی ہے۔ عوام، تاجر، صنعتکاروں کا شٹر ڈاؤن واضح پیغام ہے کہ مہنگی بجلی ناقابل برداشت ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ  آئی پی پیز ملک کےلیے سیکیورٹی رسک بن چکی ہیں، اب یہ ممکن نہیں عوام کا خون نچوڑ کر آئی پی پیز کو ڈالرز میں ادائیگیاں کی جائیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں تو ملک گیر لانگ مارچ کیا جائے گا۔

 نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران طبقہ مفت پیٹرول اور مفت بجلی انجوائے کر رہا ہے، اب یہ کھیل ختم ہونا چاہیے، عوام چاہتے ہیں ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ ہو، ایف بی آر کے ناجائز ایڈوانس ٹیکسز ناقابل برداشت ہیں، ہم نے دھرنا مؤخر کر کے حکومت کو 45 دن کا وقت دیا، ہمارا دھرنا سیاسی یا پارٹی ایجنڈا نہیں تھا۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے واضح طور پر کہا ہے احتجاج جاری رہے گا،  آج کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہمارے دھرنے کا تسلسل ہے، حکومت نے 30 دن کے اندر آئی پی پیز کے معاہدوں کی جانچ پڑتال کا وعدہ کیا، حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، مذاکراتی کمیٹی پھر غائب ہوگئی، عوام کا حق ہے ان کو سستی بجلی اور سستی روٹی ملے، صنعت کا پہیہ چلانے کےلیے عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔

قومی خبریں سے مزید